اسلام آباد(نیوز ڈیسک) صادق آباد میں اسٹیج اداکارہ کے ساتھ افسوسناک واقعہ، تفتیش جاری ،صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں ایک اسٹیج فنکارہ کے ساتھ پیش آنے والے دلخراش واقعے نے ہر کسی کو ہلا کر رکھ دیا۔ اطلاعات کے مطابق، متاثرہ خاتون کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے اور ضروری میڈیکل ٹیسٹ بھی کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تین افراد نے اسٹیج اداکارہ کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ خاتون کے مطابق، اسے ایک نجی پارٹی کے بہانے ڈیرے پر لے جایا گیا جہاں نشہ آور مشروب پلانے کے بعد زیادتی کی گئی۔ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون کو پارٹی کے بعد غیر انسانی سلوک کا سامنا کرنا پڑا، اور جب اس کی طبیعت بگڑ گئی تو ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے اسپتال پہنچایا۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق، متاثرہ خاتون کو ابتدائی طبی امداد دی جا چکی ہے اور مزید طبی معائنے کیے جا رہے ہیں تاکہ مکمل حقائق سامنے آسکیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔