اسلام آباد (نیوز ڈیسک)عالمی حدت میں تیزی سے ہونے والے اضافے نے بحرالکاہل میں واقع چھوٹے جزیرہ نما ملک “تووالو” کو شدید خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔ ماہرین ماحولیات کے مطابق یہ ملک دنیا کا پہلا ایسا خطہ بن سکتا ہے جو مکمل طور پر سمندر کی تہہ میں چلا جائے گا۔
سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر گلوبل وارمنگ کی موجودہ صورتحال برقرار رہی اور برفانی تودے اسی رفتار سے پگھلتے رہے تو سن 2050ء تک تووالو کا مکمل طور پر زمین سے نام و نشان مٹ جانے کا خدشہ ہے۔تووالو میں اس وقت لگ بھگ 11 ہزار افراد آباد ہیں، جن کی نہ صرف زمینیں، گھر اور روزمرہ زندگی خطرے میں ہے بلکہ ان کی صدیوں پر محیط ثقافت، روایات اور تاریخی ورثہ بھی صفحۂ ہستی سے مٹ سکتا ہے۔یہ المیہ عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث ایک پورا ملک وجود کھو سکتا ہے، اور ہزاروں لوگ بے گھر ہو کر شناخت کے بحران کا شکار ہو سکتے ہیں۔