اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بلوچستان میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والی جعفر ایکسپریس کے ڈرائیور کے محفوظ ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے، اور اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جعفر ایکسپریس کے ڈرائیور کسی سے گفتگو کر رہے ہیں اور اپنی خیریت کے بارے میں آگاہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اللہ کا خاص کرم ہوا اور وہ مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ انہوں نے اس پر شکر بھی ادا کیا۔
قبل ازیں بعض رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ جعفر ایکسپریس کے ڈرائیور زخمی ہوئے تھے اور بعد ازاں جانبر نہ ہو سکے، تاہم اب ان کی خیریت سے متعلق ویڈیو سامنے آنے کے بعد یہ افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔
دوسری جانب، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن مکمل کر لیا ہے، جس کے نتیجے میں تمام 33 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران تمام یرغمال مسافروں کو بازیاب کروا لیا گیا، تاہم افسوسناک طور پر کارروائی سے قبل 21 مسافر شہید ہو چکے تھے۔