اسلام آباد(این این آئی) 2023ء میں نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کی عمارت تعمیر کرنے کے ٹھیکے میں کرپشن کا انکشاف ہوا ہے جس سے این ایل سی کو 18 کروڑ 99 لاکھ کا نقصان پہنچا۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 18 کروڑ 98 لاکھ روپے کی بے ضابطگیوں سے متعلق آڈٹ پیرا کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی عمارت کی تعمیر کے لیے منصوبہ ایوارڈ کیا گیا، عمارت کی تعمیر کیلئے منصوبہ براہ راست این ایل سی کو ایوارڈ کیا گیا، این ڈی ایم اے اور این ایل سی کے درمیان معاہدہ مارچ 2023 میں ہوا۔
آڈیٹر جنرل حکام نے بتایا کہ صرف ایک بڈر نے بولی جمع کرائی اور اسے منصوبہ ایوارڈ کردیا گیا۔این ڈی ایم اے حکام نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے بولی سب کے لیے کھولی گئی تھی۔آڈیٹرز نے کہا کہ بولی کی رقم مناسب ہے یا نہیں اس کے تعین کا کوئی میکانزم نہیں تھا۔عمر ایوب خان نے کہا کہ یہ کون سی بڈنگ تھی جو آپ اوپن بڈنگ سے نہیں کرا سکتے تھے؟ آخر اس عمارت میں کون سا میزائل بننا تھا جو بڈ اوپن نہیں کی گئی؟آڈیٹرز نے کہا کہ ہم صرف یہ سوال اٹھا رہے کیا یہ دو کمپنیاں ہی تمام منصوبے بنانے کے اہل ہیں؟پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے این ڈی ایم اے سے اس معاملے پر ایک ماہ میں رپورٹ طلب کرلی۔