اسلام آباد(نیوز ڈیسک) برطانیہ میں مقیم پاکستانی صحافی اظہر جاوید کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن مانچسٹر کے صدر نبیل بٹ کی قیادت میں چند نوجوانوں نے صحافی و اینکر پرسن عمران ریاض اور ان کی فیملی کو ایک سپر سٹور میں ہراساں کیا اور ان کے خلاف نعرے بازی کی۔اپنے ایک وی لاگ میں اظہر جاوید نے عمران ریاض کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ عمران ریاض مانچسٹر کے قریب ایک علاقے میں اپنی فیملی کے ہمراہ موجود تھے، وہ سپر سٹور پر شاپنگ کر رہے تھے، اسی دوران چند نوجوانوں نے آکر ان کے ساتھ بدتمیزی کی ، نعرے بازی کی اور فیملی کی موجودگی میں انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کی۔
اظہر جاوید کے مطابق انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جن لوگوں نے عمران ریاض کے ساتھ بد تہذیبی کی ان کا تعلق مسلم لیگ (ن )مانچسٹر سے ہے۔( ن) لیگ مانچسٹر کے صدر نبیل بٹ کی قیادت میں 4 سے 5 نوجوانوں نے عمران ریاض کا سامنا کیا اور ان کے نظریات کے حوالے سے ان سے جوابات مانگے، ان کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔ عمران ریاض فیملی کی وجہ سے چپ ہی رہے، لیگی کارکنوں نے انہیں وہاں سے جانے پر مجبور کیا۔
اظہر جاوید کے مطابق سپر سٹور سے نکل کر عمران ریاض قریبی ریسٹورنٹ کبابش پر گئے تو یہ لوگ وہاں بھی پہنچ گئے۔ اس کے بعد سیاہ رنگ کی ایک مرسیڈیز آئی جس میں عمران ریاض بیٹھے اور وہاں سے چلے گئے۔