اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیرِاعظم شہباز شریف نے رمضان پیکیج 2025 کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 40 لاکھ مستحق خاندانوں، یعنی تقریباً 2 کروڑ افراد کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 5 ہزار روپے فی گھرانہ فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سال رمضان المبارک میں مہنگائی کی شدت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔وفاقی وزیر صنعت و پیداوار، رانا تنویر حسین نے بھی اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اس بار رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مستحقین کو نقد مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ حکومت 40 لاکھ خاندانوں کو 5 ہزار روپے کیش فراہم کرے گی، جبکہ مستحق افراد کی مجموعی تعداد تقریباً 2 کروڑ کے قریب ہے، جنہیں اس کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ گزشتہ سال یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے سبسڈی دینے کا تجربہ زیادہ مؤثر ثابت نہیں ہوا تھا، کیونکہ وہاں انتظامی مسائل اور ناقص معیار کی شکایات سامنے آئیں۔ وزیرِاعظم کو بھی ان مسائل سے آگاہ کیا گیا، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ اس بار براہ راست کیش ٹرانسفر کیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنا مالیاتی ماڈل بہتر بنائیں اور مینوفیکچررز یا ملز مالکان سے رعایت حاصل کریں۔ اس حوالے سے یوٹیلیٹی اسٹورز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ بغیر سبسڈی کے بھی اشیائے ضروریہ پر 15 فیصد رعایت فراہم کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو رمضان المبارک کے دوران زیادہ مؤثر انداز میں کام کرنا ہوگا اور چینی سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کرنی چاہیے، تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔