اسلام آباد (نیوز ڈیسک)چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کی تقریب میں صوبائی وزیر کھیل پنجاب، ملک فیصل ایوب کھوکھر نے انٹرن شپ کے وظیفے میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے اسے 60 ہزار روپے کرنے کا عندیہ دیا۔ اس تقریب میں بڑی تعداد میں انٹرن شپ حاصل کرنے والے نوجوانوں نے شرکت کی۔وزیر کھیل پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خواہش ہے کہ نوجوانوں کو ہر شعبے میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ترقی کی دوڑ میں آگے بڑھ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم وزیراعلیٰ کے وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں اور نوجوانوں کی بھرپور سرپرستی کی جا رہی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب کی 65 فیصد سے زیادہ آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو آگے لا کر ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے۔ فیصل ایوب کھوکھر کا کہنا تھا کہ انٹرن شپ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 6 ہزار نوجوانوں کو وظیفہ دیا جا رہا ہے، جبکہ اگلے مرحلے میں اس تعداد کو بڑھا کر 10 ہزار کیا جائے گا۔مزید برآں، چھ ماہ کی انٹرن شپ کو بڑھا کر ایک سال تک لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں انٹرن شپ کے وظیفے کو 60 ہزار روپے تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں کو اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ انٹرن شپ کے یہ چھ ماہ ان کے کیریئر کے لیے نہایت اہم ہیں، کیونکہ اس سے ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا ہوگا اور عملی تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع میسر آئے گا۔