کراچی (این این آئی)گذری پولیس کے اے ایس آئی ندیم پر مصطفی قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کی سہولت کاری کے الزامات سامنے آنے کے بعد سی آئی اے پولیس نے اس سے پوچھ گچھ کی اور چھوڑ دیا۔ رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ اے ایس آئی ندیم نے تفتیش کاروں کو بیان دیا کہ ملزم ارمغان پر مقدمات تھے جن میں وہ ضمانت کروا چکا تھا، ارمغان پر کیسز کی تفتیش کے سلسلے میں اس سے رابطہ ہوا اور بات چیت ہوئی تھی۔
اے ایس آئی ندیم نے کہا کہ میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہا ہوں۔سی آئی اے پولیس نے کہا کہ دوبارہ اگر ضرورت پڑی تو اے ایس آئی ندیم کو پوچھ گچھ کیلئے طلب کریں گے۔پولیس حکام کے مطابق اے ایس آئی ندیم کا ارمغان کے ساتھ کال ڈیٹا ریکارڈ ملا ہے، ملزم ارمغان نے مصطفی سے قبل ایک لڑکی کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔حکام کے مطابق لڑکی پر تشدد سے متعلق ارمغان کے خلاف کارروائی نہ کرنے میں اے ایس ندیم کے ملوث ہونے کی شبہات ہیں، ندیم کی بیان کے باوجود اس کے خلاف مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔