کراچی(این این آئی)اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14G مسلم نگر کے علاقے میں ایک گھر میں زیریلی مائع چیز پینے سے تین بہنوں کی حالت خراب ہوگئی۔ریسکیو ادارے چھیپا کے حکام کے مطابق متاثرہ خواتین کو فوری طور پر عباسی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔متاثرہ خواتین کی شناخت 24 سالہ رباب، 20 سالہ صبا اور 18 سالہ رفعت کے نام سے ہوئی ہے، جو سگی بہنیں ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق خواتین نے گھریلو جھگڑے کے باعث مبینہ طور پر صفائی کے کام میں استعمال ہونے والی زیریلی مائع چیز پی لی۔تاہم، چھیپا حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ خواتین نے کون سی مائع پی تھی، میڈیکل رپورٹ کے بعد اصل صورتحال سامنے آ سکے گی۔پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔