ممبئی(این این آئی) معروف بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور نے شوہر سیف علی خان پر چاقو حملے کے سلسلے میں باندرہ پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور نے اپنی رہائش گاہ پر اعلیٰ پولیس افسران کی موجودگی میں ریکارڈ کروایا، حملے کے سلسلے میں اب تک 30سے زائد افراد کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
ممبئی پولیس نے تحقیقات کیلئے کرائم برانچ کی 10ٹیموں سمیت 20ٹیمیں تشکیل دی ہیں جبکہ علاقے سے سی سی ٹی وی کی فوٹیجز قبضے میں لے لی گئیں اور تین مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاہم واقعے کے سلسلے میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔اس سے قبل سیف علی خان کے عملے کے ارکان کو کیس سے متعلق پوچھ گچھ کیلئے باندرہ پولیس اسٹیشن لایا گیا تھا لیکن بعد میں انہیں چھوڑ دیا گیا تھا۔
سیف علی خان کو جمعرات کی علی الصبح رہائش گاہ کے11ویں منزل پر ملزم نے چاقو حملے میں زخمی کر دیا گیا تھا اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔اداکار کی لیلاوتی ہسپتال میں سرجری ہوئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی ریڑھ کی ہڈی میں چاقو لگنے سے ہڈی میں شدید چوٹ آئی ہے۔ فلم اسٹار کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ڈاکٹر ان کی نگرانی کر رہے ہیں۔