پشاور (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ حکومت نے سنجیدہ مذاکرات نہ کیے تو 14 دسمبر سے سول نافرمانی کا اعلان ہوگا۔پشاور سے جاری بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے احتجاج اور مذاکرات کے لیے حکمت عملی وضع کر لی، نتیجہ خیز مذاکرات تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ عمر ایوب کی سربراہی میں 5 رکنی مذاکراتی کمیٹی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی، گزشتہ روز پارٹی قائدین میں احتجاجی تحریک اور مذاکرات پر بات چیت ہوئی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ واضح کیا گیا احتجاج کے ساتھ ساتھ مذاکرات کا دروازہ بند نہیں ہوگا، تمام لوگوں سے مذاکرات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اپنا مقدمہ پارلیمنٹ کے اندر اٹھانا چاہتی ہے، حکومت نے سنجیدہ مذاکرات نہ کیے تو 14 دسمبر سے سول نافرمانی کا اعلان ہوگا۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پی ٹی آئی لیڈرشپ اور کارکنوں کیخلاف جعلی مقدمات درج ہو رہے ہیں، پی ٹی آئی لیڈرشپ اور کارکنوں کو عدالتوں کے چکر کاٹنے پڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کچھ بھی کر لے پی ٹی آئی مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گی، سیاسی جدوجہد والی جماعت کو دہشت گرد قرار دینا جمہوریت کی نفی ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وفاقی وزراء صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔