کراچی(این این آئی) لیاری میں تاجروں سے بھتہ مانگنے والا گینگ کہاں سے آپریٹ ہورہا ہے؟ گرفتار گینگ وار کارندے شاہد عرف شوٹر کے سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری جہان آباد سے زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی گرفتاری کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی۔2 روز قبل گرفتار گینگ وار کارندے شاہد عرف شوٹر کے سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ، ملزم نے انکشاف کیا کہ لیاری میں تاجروں سے بھتہ مانگنے والا گینگ ایران سے آپریٹ ہوتا ہے۔
ملزم شاہد نے بتایا کہ تاجرعتیق اور جبار سے بھتے کی کال کی اور ایک سے 2 لاکھ روپے رقم وصول کی۔زخمی ملزم نے اپنے ویڈیو بیان میں کہاکہ مجھے ایران سے گینگ وار کارندے یعقوب ماما کی کال آئی تھی، یعقوب ماما نے مجھے دو نمبر دیئے اور دونوں سے بھتہ مانگنے کا کہا۔ملزم نے کہا کہ ایک تاجرسے 2 لاکھ بھتہ وصول کیا اور دوسرے نے کال نہیں اٹھائی تو کچھ دن بعد دوسرے گینگ کی کال آئی کہا یہ ہمارا بندہ ہے، اس سے بھتہ کیوں مانگا، میں لیاری سنگھولین کا رہائشی ہوں۔ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ لیاری میں ایران سے بہت سے بھتہ خورگینگ آپریٹ ہو رہے ہیں۔