کراچی (این این آئی) یورپی روٹس پر پابندی کے باعث قومی ایئر لائن کو گذشتہ ساڑھے 4 سالوں میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) اور سول ایوی ایشن کو گذشتہ 4 سالوں میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔ذرائع نے بتایا کہ سفری پابندیوں سے قومی ایئرلائن اور ایوی ایشن کو مجموعی طور پر تقریبا 450 ارب سے زائد کا نقصان ہوا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ یورپی روٹس پر پابندی کے باعث ساڑھے 4 سال میں قومی ایئرلائن کو تقریبا 220 ارب اور سول ایوی ایشن کو بھی 250 ارب کا نقصان ہوا۔ذرائع نجکاری کمیشن نے کہا کہ یورپی روٹس بحال ہونا نجکاری میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، نجکاری سے قبل یو کے کیلئے روٹس بحال کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن کیلئے یوکے کے روٹس جلد بحال ہونے کا امکان ہے تاہم قومی ایئرلائن نجکاری کیلئے جی ٹوجی معاہدے کے تحت فروخت کیلئے بات چیت بھی جاری ہے۔یاد رہے گذشتہ روز یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے فلائٹ آپریشن پرپابندی اٹھالی تھی، ڈی جی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر ڈار کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم، وزیر ہوا بازی اور سیکرٹری ایوی ایشن کے تعاون سیکامیابی حاصل کی۔