اسلام آباد (این این آئی)رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت کا طے شدہ فیصلہ ہے سیاسی لوگوں کو بانی پی ٹی آئی سے نہیں ملنے دینا،آئین، قانون کی بالا دستی، آزاد عدلیہ ،اپنے مینڈیٹ کی واپسی چاہتے ہیں، مطالبات کیلئے بھرپور مہم چلائیں گے۔ایک بیان میں رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ آج ہماری روٹین شیڈول میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہونا تھی، 2بجے ملاقات کا ٹائم تھا، اڈیالہ روڈ پہنچے تو راستے بلاک تھے ،مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے وہاں پہنچے ۔
اسد قیصر نے کہا کہ 2سے 4بجے تک ہم وہاں رہے لیکن ہماری ملاقات نہیں کروائی گئی، حکومت کا طے شدہ فیصلہ ہے کہ سیاسی لوگوں کو بانی پی ٹی آئی سے نہیں ملنے دینا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے لیڈر سے مشاورت کرنی ہوتی ہے یہ ہمارا قانونی، آئینی حق ہے، ہمیں مسلسل اپنے قانونی اور آئینی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو فاشسٹ سٹیٹ بنا دیا ہے، ان کا خیال ہے یہ ہمیں اپنے لیڈر سے دور رکھیں گے، ہمیں دیوار سے لگائیں گے ،ہم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم آئین، قانون کی بالا دستی، آزاد عدلیہ اور اپنے مینڈیٹ کی واپسی چاہتے ہیں، اپنے مطالبات کیلئے ہم بھرپور مہم چلائیں گے۔