کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان میں آٹے کی قیمتوں کو پر لگ گئے ، ایک ماہ کے دوران آٹے کی قیمتوں میں سات روپے فی کلو کا اضافہ ہوگیا، اکتوبر کے اوائل میں 1800روپے میں ملنے والے بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1940 تک جاپہنچی۔ فلور ملز مالکان کے مطابق پنجاب اور سندھ سے گندم بلوچستان آنے نہیں دی جارہی ہے جبکہ صوبے کی گندم سندھ جارہی ہے بلوچستان کے محکمہ خوراک نے رواں سال گندم خریدی ہی نہیں ہے ۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا میں 140 روپے کے اضافے کے بعد 1940 روپے کا ہوگیاجبکہ 100کلو آٹے کی بوری کی قیمت 9700روپے میں فروخت ہورہی ہے ۔رہنما فلور مل بلوچستان نعیم آغا نے کہاکہ پنجاب اور سندھ سے گندم اور آٹے کی آمد ورفت پر پابندی کی وجہ سے آٹے کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں بلوچستان کی گندم دوسرے صوبوں میں جارہی ہے جبکہ پنجاب اور سندھ نے دوسرے صوبے سے بلوچستان گندم کی آمدرفت پر پابندی عائد کررکھی ہے دوسری جانب بلوچستان کے محکمہ خوراک نے رواں سال گندم کی خریداری ہی نہیں کی تھی ۔