لاہور(این این آئی)آپریشنل مسائل حل نہ ہونے کے باعث پی آئی اے کی گزشتہ روز پھر 6 ملکی اور غیر ملکی پروازیں منسوخ جبکہ 11 تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی سے پی آئی اے کی اسلام آباد اور فیصل آباد کیلئے 4 جبکہ اسلام آباد اور پشاور سے ابوظہبی کی 2 پروازیں پی کے 262 اور 217 کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
لاہور سے کوالالمپور کی پرواز پی کے 898 ساڑھے 11 گھنٹے کی تاخیر کے بعد دوپہر 1 بجے روانہ ہو گی جبکہ لاہور سے کوئٹہ کی پروازیں پی کے 322 اور 323 میں ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر ہوئی ہے۔لاہور سے مدینہ منورہ کی پی آئی اے کی پرواز کی روانگی میں 9 گھنٹے تاخیر ہوئی ہے جو کل صبح پونے 5 بجے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہو گی۔
پی آئی اے کی اسلام آباد سے دوحہ کی پرواز کی روانگی میں 14 گھنٹے تاخیر ہوئی ہے، پرواز پی کے 287 نئے شیڈول پر دوپہر 2 بجے روانہ ہو گی۔لاہور سے جدہ کی نجی ایئر کی پرواز پی ایف 718 تین گھنٹے تاخیر سے سوا 9 بجے جبکہ لاہور سے شارجہ کی پرواز پی کے 181 سوا 4 گھنٹے تاخیر سے دوپہر 2 بجے جائے گی۔جدہ سے پشاور کی غیر ملکی ایئر لائن کی پروازوں ایس وی 796 اور 797 میں ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر ہوئی ہے۔