کراچی(این این آئی)کارساز حادثہ کیس میں ملزمہ نتاشا کے خلاف امتناع منشیات ایکٹ کا نیا مقدمہ درج کرلیا گیا ، تفتیشی افسر نے ملزمہ نتاشا سے تفتیش کی اجازت طلب کی جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو جیل میں ضوابط کے مطابق تفتیش کی اجازت دے دی ہے۔
ملزمہ نتاشا مرکزی مقدمے میں عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے، ملزمہ کے خلاف میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر گذشتہ روز امتناع منشیات ایکٹ کے تحت نیا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ملزمہ نتاشا کے خلاف مذکورہ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 242/2024 کے تحت درج کیا گیا، مقدمے میں ملزمہ نتاشا کے خلاف امتناع منشیات کی دفعہ 11 عائد کی گئی ہے۔سب انسپکٹر ریحان خان کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت ملزمہ نشے میں تھی، ملزمہ نتاشا کے نشے کی تصدیق میڈیکل کے ذریعے کرائے گئی، ملزمہ کے خون اور یورین کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھیجے گئے جن میں میتھم فیٹامائن منشیات کے پائی گئی۔میتھم فیٹامائن نامی منشیات کو آئس کے نام سے جانا جاتا ہے۔