لاہور ( این این آئی) یوم آزادی پر واہگہ بارڈر پریڈ اور پرچم اتارنے کی تقریب میں شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ،اپ گریڈیشن منصوبے کی وجہ سے صرف محدود تعداد میں مہمان ہی تقریب میں شریک ہوسکیں گے۔فروری 2024میں پنجاب میں اس وقت کی نگران حکومت نے باب آزادی واہگہ بارڈر کی آرائش وتزئین اور توسیع کا منصوبہ شروع کیا تھا جس پر ابھی کام جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق تعمیراتی کام کی وجہ سے اس سال یوم آزادی پر واہگہ بارڈر پر ہونے والی پاکستان رینجرز پنجاب کے جوانوں کی خصوصی پریڈ اور پرچم اتارے جانے کی تقریب میں عام شہریوں کو شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ذرائع کے مطابق محدود تعداد میں مہمان تقریب میں شریک ہوسکیں گے ۔ انتظامیہ کی طرف سے ایک بینرآویزاں کرکے شہریوں کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق باب آزادی اور اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن منصوبے کے تحت باب آزادی کو شاہی قلعہ لاہور کے عالمگیری گیٹ کی طرز پر تعمیر کیا جائیگا جبکہ پریڈ دکھانے کے لئے بڑے سائز کی ایل سی ڈیز بھی لگائی جائیں گی۔پریڈ گرائونڈ کی توسیع کے ساتھ بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی اور پارکنگ ایریا کو مزید کشادہ بنایا جائے گا۔ پریڈ گرائونڈ میں لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش اس کی اپ گریڈیشن کے بعد تقریباً 18 ہزار تک بڑھ جائے گی اور باب آزادی پراجیکٹ کی اونچائی تقریباً 120 فٹ ہو جائے گی۔