اسلام آباد (این این آئی)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے شدید بارشوں کے پیش نظر موٹر وے صارفین کے لئے سفری ایڈوائزری جاری کر دی۔ ترجمان موٹر وے پولیس نارتھ زون کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق اسلام آباد ، پشاور ، کوٹ مومن ، ڈیرہ اسماعیل خان ، سوات اور تھاہ کوٹ کے مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے پیش نظر تمام ٹول پلازوں پر موٹروے استعمال کرنے والوں کے لیے سپیشل بریفنگ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران روڈ پر پھسلن ہونے کی وجہ سے بھی گاڑی بے قابو ہونے کا خدشہ موجود رہتا ہے ، حادثات سے بچائو کے لیے بارش کے دوران ڈرائیونگ میں زیادہ احتیاط سے گاڑی چلائیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز ، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سیفاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں۔ ترجمان نے کہا کہ سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 ، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکائونٹ اور ایف ایم ریڈیو چینل سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔