اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کو فوری بشکیک جانے کی ہدایت کردی ۔ جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کو فوری بشکیک جانے کی ہدایت کی ہے، اعلامئے کے مطابق امیر مقام بشکیک میں اعلی سرکاری حکام سے ملاقات کریں گے، انجینئر امیر مقام پاکستانی طلبا سے بھی ملاقات کریں گے، ان کے مسائل سنیں گے۔
اس حوالے سے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ کرغزستان میں غیر ملکی طلبا مخالف فسادات پر گہری تشویش ہے، پاکستانی سفارتخانہ زخمی طلبا کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی میں معاونت یقینی بنائے، مشکل وقت میں پاکستان کے بیٹے اور بیٹیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ کرغزستان سے جو طلبا پاکستان آنا چاہیں، سرکاری خرچ پر ان کی فوری واپسی یقینی بنائی جائے۔