اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے سینیٹر فیصل واڈا کی گزشتہ روز کی گئی پریس کانفرنس پر از خود نوٹس لے لیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سینیٹر فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کو تنقید کا نشانہ بنایاتھا اور کہا تھا کہ اب پاکستان میں کوئی پگڑی اچھالے گا تو ہم ان کی پگڑیوں کی فٹبال بنائیں گے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں قومی احتساب بیورو (نیب) ترامیم کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے دوران 5 رکنی لارجر بینچ کے رکن جسٹس اطہر من اللہ نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ججوں کوپراکسی کے ذریعے دھمکانا شروع کردیا ؟ کیا آپ پگڑیوں کی فٹبال بنائیں گے؟اس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ نہیں، یہ نہیں ہونا چاہیے، میں اس بات کا حامی نہیں ہوں۔نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ ذرائع نے بتایا کہ عدالت عظمیٰ نے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر ازخود نوٹس لے لیا ہے، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ (آج) جمعہ کو از خود نوٹس پر سماعت کریگا۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ میں جسٹس عرفان سعادت اور جسٹس نعیم اختر شامل ہوں گے۔