لاہور( این این آئی)پنجاب میں کم عمری کی شادیاں روکنے کیلئے بل تیار کر لیا گیا۔چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے چائلڈ میرج بل سیکرٹری داخلہ کو ارسال کر دیا، مجوزہ قانون میں لڑکے اور لڑکی کیلئے شادی کی کم ازکم عمر 18 سال مقرر کی گئی ہے۔
چیئرپرسن سارہ احمد کا کہنا ہے کہ چائلڈ میرج بل ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں تیار کیا گیا، اس قانون کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور یو این ایف پی اے نے مل کر تیار کیا ہے۔بل کے مطابق جب تک 18 سال شخص نکاح خواں کو شناختی کارڈ نہ پیش کرے تب تک شادی نہیں ہو سکے گی، بل میں 18 سال سے کم عمر لڑکیوں کی شادی پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے، بل کے مطابق کم عمری کی شادی بچوں کے استحصال، بدسلوکی اور تشدد میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔