اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ پاکستان سے لوٹا ہوا پیسہ واپس لایا جائے تو ڈالر 50 روپے کا ہو جائیگا۔شعیب شاہین نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ بہاولنگر والے واقعہ پر سو موٹو ایکشن لیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ 6 ججز والا معاملہ فل کورٹ کو بھیجا جائے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھا نے بھی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔انہوںنے کہاکہ میں بانی پی ٹی آئی کا ترجمان ہوں، میرے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی، عدالت نے 22 اپریل سے قبل بشری بی بی کا طبی معائنہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔انتظار پنجوتھا نے کہا کہ جہاں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو ریلیف ملتا ہے اس پرعمل درآمد نہیں کروایا جاتا۔انتظار پنجوتھا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو پھر سز ادینے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس پر ہائی کورٹ جائیں گے۔