اسلا م آباد(نیوز ڈیسک)دبئی، شارجہ اور ابوظبی سمیت متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں طوفانی بارشوں کے بعد جہاں 75 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا وہیں دبئی کے علاقے جبل علی میں آسمان پر سبز بادل دیکھنے میں آئے جس منظر سے دیکھنے والے حیران ہوگئے۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق آسمان پر سبز بادلوں کے نمودار ہونے کے بعد دبئی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش دیکھنے میں آئی جس کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق پانی کی کثرت اور سورج کی شعاعوں کا انعکاس بادلوں کے رنگ کو سبز رنگ میں تبدیل کردیتا ہے، یوں سمجھ لیں کہ بادلوں کا سبز رنگ سپر کلاؤڈ کی ایک قسم ہے جو مخصوص حالات دن کو رات میں تبدیل کردیتا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ سبز بادل کے ساتھ کبھی کبھی بھاری اولوں کی بارش ہوتی ہے جن میں سے کچھ کا قطر 7 سینٹی میٹر تک پہنچ سکتا ہے۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں دبئی، شارجہ اور ابوظبی سمیت دیگر ریاستوں میں ریکارڈ توڑ طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے بعد وسیع علاقے اور سڑکیں پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، حکام نے اسکولوں کو آن لائن کلاسز اور ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔