لاہور ( این این آئی) وزیراعظم شہباز شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وفد کے ہمراہ پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کمرشل پرواز کے ذریعہ سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوئے، وفد میں وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف، وفاقی وزرا اسحاق ڈار، محمد اورنگزیب، محسن نقوی، عطا اللہ تارڑ، عبدالعلیم خان، احد خان چیمہ، رانا مشہود احمد خان، شبیر احمد عثمانی، عون چودھری، مصطفی رمدے و دیگر افراد شامل ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی اور روضہ رسولۖ پر حاضری بھی دیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی طے پاگئی ہے، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور سرمایہ کاری کے امور پر بات چیت ہوگی۔واضح رہے کہ 4مارچ کو وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد شہبازشریف کا بیرون ملک یہ پہلا دورہ ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڈ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور وفد کے ارکان سفری اخراجات اپنی ذاتی جیب سے ادا کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا تھا کہ کہ وزیراعظم شہباز شریف 6سے 8اپریل تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ وزرائے خارجہ، دفاع، خزانہ، اطلاعات اور اقتصادی امور بھی سعودی عرب جائیں گے۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم کی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس کے علاوہ یہ رہنما علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔بیان میں مزید بتایا گیا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، جن کی جڑیں مذہبی اور ثقافتی وابستگی پر ہیں، پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے انتہائی عزت اور احترام رکھتے ہیں۔