کراچی(این این آئی)ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن(ای اوبی آئی)کے چیئرمین ڈاکٹر ارشد محمود نے عیدالفطر کے موقع پر ادارہ کے ملازمین کے لئے ایک بنیادی تنخواہ کے مساوی اعزازیہ کی منظوری دی ہے ۔ ای او بی آئی کے سابق افسر تعلقات عامہ اور ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ پاکستان اسرار ایوبی کے مطابق سجاد احمد ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایچ آر ڈپارٹمنٹ کے دستخطوں سے گزشتہ روز جاری آفس آرڈر نمبر 53/2024 کے مطابق یہ اعزازیہ ملازمین کی 31 مارچ 2024 کی بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر ادا کیا جائے گا ۔
آفس آرڈر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران 180 سے زائد غیر معمولی رخصت(بلا تنخواہ)حاصل کرنے والے، 180 یوم سے زائد ملازمت سے معطل رہنے والے ملازمین اور سزا یافتہ ملازمین کو اس اعزازیہ کی ادائیگی نہیں کی جائے گی ۔ اعزازیہ کی منظوری کے باعث ای او بی آئی کے ملازمین میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے اورانہوں نے اس اقدام پر چیئرمین ڈاکٹر ارشد محمود کا شکریہ ادا کیا ہے