لاہور (این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے 72اراکین کے استعفے منظور کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے 2صفحات پر مشتمل مختصر تحریری فیصلہ جاری کیا جبکہ تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔عدالت نے تحریک انصاف کے 72 اراکین کو اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے اسپیکر اور الیکشن کی جانب سے پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی منظوری کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے دیا۔عدالت نے اراکین کو استعفے واپس لینے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کردی۔عدالت نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو تمام ممبران کو دوبارہ سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ اسپیکر ہر ممبر کو ذاتی طور پر سنے گا، کم از کم 2مواقع ہر ممبر کو دیئے جائیں گے، ہر ممبر کو استعفیٰ دینے کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی الگ الگ بلایں گے۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ استعفے دینے یا نہ دینے سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی ممبران کو سن کر فیصلہ کریں گے، اگر کوی ممبر پیش نہیں ہوتا تو اسپیکر کو آزادی ہو گی کہ وہ استعفے پر خود فیصلہ کریں۔عدالت نے ریاض فتیانہ سمیت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔