پشاور(این این آئی) محکمہ اطلاعات خیبر پختونخوا نے تحریک انصاف کے دور میں بھرتی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے اکاؤنٹس ریاست کے خلاف استعمال ہونے کی تحقیقات کیلئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کو خط ارسال کردیا۔
ایف آئی اے کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی دور میں بھرتی 1109 سوشل میڈیا انفلوئنسرز میں سے بیشتر نے ذاتی اکاؤنٹس سے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف مہم چلائی۔محکمہ اطلاعات کی جانب سے ایف آئی اے کے جوائنٹ ڈائریکٹر کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا کہ سرکاری خزانے سے بھرتی سوشل میڈیاانفلوئنسرز کے ذاتی اکاؤنٹس ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف استعمال ہوئے ہیں ان سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے خلاف تحقیقات کی جائیں۔خط کے متن کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام اسکیم کے تحت بھرتی ہونے والے 1109 سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو حکومتی اقدامات کی تشہیر کیلئے بھرتی کیا گیا تھا۔موصول دستاویزات کے مطابق انفلوئنسرز کو تنخواہوں اور دیگرمراعات میں مجموعی طور پر 24 کروڑ 26 لاکھ 65 ہزار روپے ملے ہیں، ہیومن ریسورسز پر آنے والے اخراجات 22 کروڑ 16 لاکھ 98 ہزار 938 روپے ہیں، آلات خریداری کی مد میں 26 لاکھ 26 ہزار501 روپے خرچ ہوئے ہیں۔دستاویزات کے مطابق گاڑیوں کی خریداری پر ایک کروڑ ایک لاکھ 58 ہزار خرچ کیے گئے ہیں جب کہ آپریشنل اخراجات پر 46 لاکھ 61 ہزار روپے خرچ ہوئے، تزئین و آرائش کی مد میں 5 لاکھ 27 ہزارروپے، ٹریننگ کی مد میں 16 لاکھ 68 ہزار جب کہ ٹیکس کی مد میں 13 لاکھ 26 ہزار روپے کی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔