لاہور ( این این آئی) لاہور کی عدالت نے جلائو گھیرائو اور پولیس پر تشدد کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کی عبوری ضمانت میں 16مئی تک توسیع کر دی۔
زمان پارک میں جلائو گھیرائو اور پولیس پر تشدد کیس میں پی ٹی آئی رہنمائوں کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی، پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب، اعجاز چودھری، حماد اظہر اور محمود الرشید عدالت پیش ہوئے۔عدالت نے فرخ حبیب، میاں محمود الرشید اور اعجاز چودھری کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی۔رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ فواد چودھری حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کا حصہ ہیں۔عدالت نے حماد اظہر سے استفسار کیا کہ آپ بتائیں کب کی تاریخ رکھیں؟ ۔حماد اظہر نے کہا کہ 14مئی کو الیکشن، 17کو اسلام آباد پیش ہونا ہے، اس کے بعد کی کوئی تاریخ رکھ دیں،عدالت نے استفسار کیا کہ کیا 14مئی کو الیکشن ہو رہا ہے؟۔حماد اظہر نے کہا کہ قانون کے مطابق تو ہیں، باقی سرکار کا پتہ نہیں۔عدالت نے فواد چودھری کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی، عدالت نے فواد چودھری، فرخ حبیب، حماد اظہر اور دیگر کی عبوری ضمانت میں 16مئی تک توسیع کر دی۔