کراچی (این این آئی)سابق صدر پاکستان اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے اپنے وکیل نائیک انڈ ایسوسی ایٹس کے توسط سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران احمد خان نیازی کو 10 ارب روپے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔ قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان
کی بڑی سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر ہیں اور پاکستان کے ایک نمایاں سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے شوہر ہیں اور پاکستان کی سینیٹ اور رکن قومی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے 27جنوری 2023 کو ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا جسے تمام ٹی وی چینلوں نے نشر کیاا ور ان کے خطاب کو پاکستان کے علاوہ عالمی اخبارات میں بھی شائع ہوا۔ عمران خان نے آصف علی زرداری پر الزم لگایا کہ انہوں نے کرپشن کی رقم ایک ایسی دہشتگرد تنظیم کو ادا کی ہے جس کی حمایت پاکستان کی طاقتور ایجنسی بھی کر رہی ہے تاکہ ان پر ایک اور حملہ کروایا جا سکے۔ اس کے علاوہ عمران خان نے آصف علی زرداری کو ان چار افراد میں بھی شامل کیا جو انہیں قتل کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ یہ بیانات پاکستان کے پرنٹ میڈیا کے علاوہ سوشل میڈیا اور عالمی اخبارات میں بھی رپورٹ ہوا۔ اس ضمن میں انگریزی اخبار ڈان کی 28جنوری 2023 کی رپورٹ بھی منسلک کی گئی ہے۔قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اپنے بدنیتی اور ہتھک آمیز بے بنیاد الزامات کے ذریعے عمران خان نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر آصف علی زرداری کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ اس کے علاوہ عمران خان نے اپنے توہین آمیز، ہتھک آمیز اور سکینڈل پر مبنی بیان اورالزامات کے ذریعے آصف علی زرداری اور دہشتگرد تنظیموں کے درمیان تعلقات ہونے کا ذکر کیا
جبکہ حقیقیت یہ ہے کہ آصف علی زرداری کی زوجہ سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی انہی دہشتگردوں نے شہید کیا اس کے علاوہ عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ آصف علی زرداری نے کرپشن کے پیسے اس سازش کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ آصف علی زرداری ان جھوٹے من گھڑت کرپشن کے الزامات میں آٹھ سال تک جیل میں رہے
اور ان تمام جھوٹے بے بنیاد اور منگھڑت الزامات پر مبنی ان مقدمات میں سے ایک مقدمہ بھی ثابت نہیں ہوسکا اور آصف علی زرداری ان تمام مقدمات میں باعزت بری ہوئے۔ عمران خان نے اپنے ہتھک آمیز اور توہین آمیزبیانات کے ذریعے آصف علی زرداری کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور ان کی جمہوریت کے لئے کوششوں اور قربانیوں کو اپنے بدنیتی بیانات کے ذرریعے خراب کرنے کی کوشش کی۔
آصف علی زرداری پاکستان کے بڑے آئینی عہدوں پر رہے ہیں اور پاکستان کی ترقی کے لئے کارہائے نمایاں انجام دئیے ہیں۔ جن میں سی پیک کا منصوبہ بھی شامل ہے جو نہ صرف ملک بلکہ پورے خطے کے لئے فائدہ مند ہے۔ آصف علی زرداری اس بیان کو یکسر مسترد کرتے ہیں کہ انہوں نے عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کے لئے دہشتگردوں کو کوئی رقم دی ہے۔ عمران خان کے بیانات سے آصف علی زرداری اور ان کے چاہنے والوں کو شدید تکلیف ہوئی ہے
اور اس قسم کے بیانات ان کی زندگی پر اور ان کے سیاسی کیرئیر پر حملے کے مترادف ہے۔ عمران خان کے یہ ہتھک آمہز اور بدنیتی پر مبنی الزامات ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں ناجائز سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش ہے۔ اس لئے اب عمران خان کو چاہیے کہ اس قانونی نوٹس کین 14 روز کے اندر آصف علی زرداری سے غیرمشروط معافی مانگیں عمران خان کے ایسا نہ کرنے کی صورت میں ان کے خلاف مناسب سول اور کریمنل قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ قانونی کارروائی نہ صرف پاکستان کی عدالتوں کے علاوہ انگلستان میں بھی کی جائے گی اور عمران خان کو 10 ارب روپے کا ہرجانہ ادا کرنا ہوگا۔