لاہور( این این آئی)لاہور میں کوٹ لکھپت کے علاقے اکبر شہید روڈ پر تیز رفتار گاڑی کے نیچے آ کر دو بچے جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا،حادثے میں 9 سالہ آمنہ، 7 سالہ سمیعہ ،
4 سالہ فاطمہ اور 7 سالہ نامعلوم بچہ زخمی ہوئے ۔حادثے کے فوری بعد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن 4 سالہ فاطمہ اور نامعلوم 7 سالہ بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔پولیس کے مطابق گاڑی قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کوٹ لکھپت میں ٹریفک حادثہ میں 2 بچوںکے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے حکم دیا کہ زخمی بچوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ڈرائیور کی غفلت سے معصوم بچوں کا دنیا سے چلے جانا انتہائی دلخراش واقعہ ہے ۔