کراچی(این این آئی)وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہاہے کہ حضرت محمد ﷺ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور آپ ﷺ کی سیرت مبارکہ پر عمل کرکے ہم اپنی زندگی کو کامیابیوں اور کامرانیوں سے منور کرسکتے ہیں ۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے منگل کو حضرت محمد ﷺ کی یوم ولادت کے موقع پر جشن عید میلادالنبی ﷺکے مرکزی جلوس میں شرکت کی ۔
اس موقع پر وزیراعلی سندھ کے ہمراہ صوبائی وزرا سید ناصر شاہ، سعید غنی ، ایڈمنسٹریٹر مرتضی وہاب اور وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی بھی ساتھ تھے۔ وزیراعلی سندھ کے پہنچنے پر مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنماں اور انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج حضرت محمد ﷺ کی ولادت کے موقع پر میں سندھ کے لوگوں، پاکستانی عوام اور تمام امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے ۔اللہ تعالی نے آپ ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا جو بروز قیامت ہماری سفارش کریں گے۔حضور پاک ﷺکی ولادت عالم اسلام اور تمام انسانیت کیلئے باعث رحمت ہے۔ حضرت محمد مصطفی ﷺکی سیرت انسانیت کیلئے شفقت، محبت اور مساوات کا درس دیتی ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ جشن عید میلادالنبی ﷺ منانے کے ساتھ ہمیں حضور پاک ﷺکی تعلیمات پر عمل کرنا چاہئے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پورے عالم اسلام کو جشن ولادت کی مبارکباد دی اور دعا کی کہ اللہ تعالی ہمارے ملک پاکستان اور تمام امت مسلمہ کو خاص طور پر کورونا کی پھیلی وبا سے نجات دلائے اور ساتھ ساتھ ہمارے ملک کے مشکلات کو آسان فرما دے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان کی بدولت ہر شخص مشکل میں ہے، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ آپ ﷺ کے وسیلے سے ہمارے ملک اوریہاں بسنے والوں کو اس مشکل سے نجات دلائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ کی عظیم برکت سے اللہ پاک کی بارگاہ میں یہ دعا کریں اللہ پاک ہمارے خاندان ، دوستوں ، ملک کے رہنے والوں اور تمام امت مسلمہ کی عبادتیں قبول و مقبول فرمائے ، آپ ﷺ سے ہماری عقیدت و محبت کو قبول فرما ئے اور آپ ﷺکے وسیلے سے ہم سب کی مشکلات دورفرمادے ، ہمارے گناہ معاف فرما دے ، اس محفل میں جو بھی عبادات ہوں گی جو بھی مجالس یا جلوس نکالے جائیں گے آپ ﷺ کے توسط سے اللہ پاک سب کی نیک خواہشات پوری فرمائے ۔