اسلام آباد ( آن لائن، این این آئی ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ چند سابق بابوؤں کے وزیراعظم کو لکھے گئے خط پر حیران ہوں، پی ٹی آئی سمندر پار پاکستانیوں خصوصاً مزدوروں کے ساتھ ہر حال میں کھڑی ہوگی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رویوں کو بدلنے
کی ضرورت ہے، عام لوگوں کے ساتھ ہماری بیوروکریسی کا سلوک قطعی طور پر قابل رشک نہیں، یہ عموعی شکایت ہے اور سفارتخانے بھی اس سے مبراء نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شعبے کی طرح سفارتخانوں میں بہت اچھے آفیسرز ہیں، لیکن داستانیں لکھی جا سکتی ہیں جو سابقہ ادوار میں پاکستانیوں کے ساتھ سلوک رواء رکھا جاتا تھا، انہوں نے کہا عمران خان کو کریڈٹ جاتا ہے انھوں نے عام مزدور کا دکھ محسوس کیا، آج پاکستان کے سفارتخانے اپنے مزدوروں اور عام شہریوں کو جوابدہ ہیں۔اس سے قبل پاکستانی سفارت کاروں کو وزیر اعظم عمران خان کی سرزنش پر پاکستان کے سابق سفیروں کی ایسوسی ایشن نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا۔خط میں کہا گیا کہ سفیروں پر بغیر تحقیقات تنقید ناقابل فہم ہے، خامیوں کی تصحیح کرنی چاہیے نہ کہ عوامی سطح پر سرزنش کی جائے، غیر جانب دار اور جامع تحقیقات کے بغیر پورے ادارے کو مورد الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے۔خط میں کہا گیا کہ وزارت خارجہ کے صرف 320 افسران دنیا کے ایک سو بیس سفارت خانوں میں کام کر رہے ہیں، اتنی کم افرادی قوت کے ساتھ پاکستانی سفارت خانے بہترین کام کر رہے ہیں۔