اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کل منگل کوپھر فون پر قوم سے براہ راست بات کریں گے۔سینیٹرفیصل جاویدنے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ وزیراعظم ایک بار پھر فون پر آپ کے ساتھ براہ راست بات کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ منگل 11 مئی دوپہر ڈیڑھ بجے آپ کے
سوالات اور وزیراعظم کے جواب ہوں گے۔سینیٹرفیصل جاوید خان نے کہا کہ وزیراعظم سے آپ کی بات چیت براہ راست نشرکی جائیگی۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی وزیراعظم فون پر عوام کے سوالات کے جوابات دے چکے ہیں۔دریں اثنا سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے بعد وزیراعظم عمران خان وطن واپس پہنچ گئے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں وزیراعظم کے وطن واپس پہنچنے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے معاشی، تجارتی اور سفارتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کا عزم کا اعادہ کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان اور خاتون اوّل بشری عمران نے دورہ سعودی عرب میں عمرہ کی سعادت حاصل کی، خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کیے۔وزیراعظم نے دورہ میں عازمین کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی پر سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز کوخراج تحسین پیش کیا، امام کعبہ سے بھی ملاقات کی۔جدہ میں پاکستانی برادری سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ان کے ساتھ پورا پاکستان ہے جوتبدیلی چاہتا ہے، خوشخبری دیتا ہوں جلد نیا پاکستان سامنے آئے گا۔واضح رہے کہ وزیراعظم سعودی قیادت کی دعوت پر تین روزہ دورے پر سعودی عرب گئے تھے جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔