لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت نے کورونا کا پھیلائو روکنے کے لیے عیدتعطیلات کے دوران مری سمیت تمام سیاحتی مقامات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہناہے کہ 8مئی سے 16 مئی تک مری اور صوبے کے دیگر سیاحتی مقامات بند رہیں گے اور یہ فیصلہ کورونا کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ شہری تعطیلات کے
دوران گھر رہیں۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ مری یا دیگر سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں۔مری اور دیگر سیاحتی مقامات کی طرف جانے والے راستے 16 مئی تک بند رہیں گے۔شہری کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے مری یا دیگر سیاحتی مقامات کی طرف جانے سے گریز کریںاوراس فیصلے کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو مری یا دیگر سیاحتی مقامات میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور حکومت کے فیصلے پر عمل کریں۔