مظفر گڑھ ٗسیالکوٹ(این این آئی)مظفرگڑھ میں بھی رمضان بازاروں سے متعلق عوامی نمائندے کا بیوروکریسی سے تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا۔ایم پی اے خرم لغاری اور اسسٹنٹ کمشنر جتوئی ارشد ورک کی تلخ
کلامی کی مبینہ ٹیلیفون کال منظر عام پر آ گئی۔ایم پی اے خرم لغاری نے کہا کہ رمضان بازاروں کا وزٹ کرانے کا کہا تو آپ نے فون بند کردیا، ارشد ورک نے جواب دیا کہ فون کی بیٹری ختم ہوگئی تھی، آپ جب چاہیں وزٹ کریں، کونسا آپ سے لڑائی ہے۔خرم لغاری بولے لڑائی کرنا چاہتے ہیں تو میں آرہا ہوں، کدھر آنا ہے؟ میں تو جوان ہوں، لوگ کہیں گے بڈھا مار کھا کر آگیا۔دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کے ساتھ پیش آئے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں عثمان ڈار نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کے ساتھ پیش آئے ناخوشگوار واقعے پر افسوس ہوا، وہ سونیا صدف کو ذاتی طور پر جانتے ہیں وہ ذمے دار اور قابل افسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا گورننس سسٹم میں کردار انتہائی خوش آئند ہے، خواتین کے معاشرے میں ایسے کردار کو سراہا جانا چاہیے۔