اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی ” ہم 24 گھنٹے بھی جنگ لڑنے کے قابل نہیں ” کے مولانا فضل الرحمان کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزرگ عمر مولانا صاحب نوجوان بلاول بھٹو کی طرف سے” عزت افزائی” کا صدمہ برداشت نہیں کر سکے اس لیے اب ان معاملات پر بات
کر رہے ہیں جن کا انہیں پتہ ہی نہیں۔حکومت نے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا، وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن غیر ذمہ دارانہ بیانات سے اجتناب کریں۔مولانا کو پاکستان کی صلاحیتوں پر اس وقت بھی شک تھا جب کہتے تھے کہ طالبان پہاڑوں پر آ پہنچے ہیں۔ان کا یہ بے بنیاد شک ہماری بہادر مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کو کاری ضرب لگا کر دور کیا۔انہوں نے کہا کہ مولانا کا یہ بیان دہشت گردی کے خلاف اور مادر وطن کی سلامتی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے دینے والے شہداء کی توہین کے مترادف ہے۔ مولانا اپنی سیاسی انا کی تسکین کے لئے قومی مفادات سے متعلق امور پر من گھڑت شکوک نہ پالیں تو بہتر ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ 27 فروری کو جب پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا اس وقت مولانا صاحب کہیں “چلے” پر گئے ہوئے تھے؟،کاش مولانا فضل الرحمن کشمیر کے بارے میں اتنی فکرمندی اس وقت دکھاتے جب ان کے “دوست” نواز شریف سے مودی رائے ونڈ میں بغل گیر ہو رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ اپنی سیاست کے لئے قومی اداروں پر حملے کرنا قابل مذمت ہے مولانا آپ نے آج تک جس اتحاد کی بھی قیادت کی وہ بارہ گھنٹے بھی جنگ نہ کر سکا۔