اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے بیٹے کے گاڑی چلانے سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہاہے کہ میری زمین، میری گاڑی اور میرا بیٹا ہے، میں نے کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی بیٹے کے ساتھ گاڑی چلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو لوگوں نے وفاقی وزیر کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ویڈیو میں پی ٹی آئی کے وزیر کا بچہ گاڑی چلارہا ہے اور علی امین اْس کے ساتھ بیٹھے ہیں۔سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والوں کو علی امین گنڈا پور نے ٹوئٹ کرکے جواب دیدیا۔وفاقی وزیر نے اپنے ٹوئٹ
میں کہا کہ میری زمین، میری گاڑی اور میرا بیٹا ہے، میں نے کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔انہوں نے کہاکہ اْن کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین سڑک یا موٹر وے پر لاگو ہوتے ہیں، میں نے اپنے بیٹے سے گاڑی چلواکر کوئی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔علی امین گنڈا پور کی منطق پر سابق آئی جی موٹروے ذوالفقار چیمہ حیران ہوگئے۔انہوں نے وفاقی وزیر کے انداز کو متکبرانہ قرار دیا اور کہا کہ علی امین گنڈا پور کے انداز سے تکبر جھلکتا ہے۔سابق آئی جی موٹروے نے ساتھ ہی علی امین گنڈا پور کے جواب پر دلیل دیتے ہوئے کہا کہ گاڑی وہی چلاسکتا ہے جس کا لائسنس ہو۔