اسلام آباد(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اور لوٹا بریگیڈ سلیکٹرز کی کرائے پر دی ہوئی گاڑی چلا رہے ہیں۔معیشت، عوام اور پاکستان کے مفادات کو روندتے ہوئے یہ گاڑی تباہی کی کھائی کی طرف جارہی ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا
اس تباہی وبربادی پر انکھیں بند کئے سلیکٹرز کی یہ گاڑی سیلیکٹد دائیں بائیں نہیں کر سکتا چاہے دیوار میں لگ کر اْلٹ کر اپنے اوپر گر جائے۔سلیکٹڈ، کرائے کے ترجمان اور لوٹابریگیڈ صرف وہی بولتے ہیں،جتنا بولنے کی اجازت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا شہباز شریف ڈوبتی معیشت بچانے کیلئے میثاق معیشت کی سنجیدہ بات کریں تو انہیں جیل میں ڈال دو۔ شہباز شریف انتخابی اصلاحات کی بات کرے، میثاقِ معیشت کی بات کرے تو این آر او کا نام دے دو۔ شہباز شریف پارلیمان کی بالادستی کی بات کرے تو قید کر دو۔ انہوں نے کہا آج الیکشن کمیشن کا عملہ چوری کرنے والے انتخابی اصلاحات کی سنجیدہ منہ سے بات کر رہے ہیں۔آج آر ٹی ایس کی پیداوار ووٹ چور انتخابی اصلاحات کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کو گالی دے کر، سزائے موت کی چکیوں میں ڈال کر آج انتخابی اصلاحات کی بات کس منہ سے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پارلیمانی روایت کا بیڑہ غرق کرنے والے اور پارلیمان کو تالا لگانے والے انتخابی اصلاحات کی بات کس منہ سے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ووٹ چور کرپٹ وزیراعظم اور لوٹا بریگیڈ ڈسکہ میں پولنگ عملہ اغوا کرانے کے عمل کو انتخابی اصلاحات میں شامل کرانا چاہتا ہے.