میر پور،کراچی (این این آئی)میرپور خاص میں پولیس افسر کے بنگلے سے 12 من چرس اور 24 کلو گرام بھنگ برآمد کر لی گئی۔اینٹی نارکوٹکس فورس نے میر پور خاص میں پولیس افسر کے بنگلے پر چھاپہ مار کر 12 من چرس اور 24کلو گرام بھنگ برآمد کر لی۔
کارروائی کے دوران بنگلے سے ریپیٹر، پستول، ایس ایم جی اور 7 ایم ایم رائفل اور گولیاں بھی ملیں، گھر پر چھاپہ پڑتے ہی پولیس افسر فرار ہو گیا اور بعدازاں پولیس افسر کو معطل کر دیا گیا۔دوسری جانب پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں بلوچستان کے ساحل سمندر سے کروڑوں روپے مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کی غیر ملکی شراب برآمد کر لی گئی ہے۔ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ اوتھل (بلوچستان) کے علاقے لیاری سے بھاری مقدار میں شراب اسمگل ہونے کا خدشہ ہے جس پر کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان کے ساحل سمندر سے 3805 بوتلیں غیر ملکی شراب برآمد کر لی گئی ہے، برآمد شدہ غیر ملکی شراب اندرون ملک اسمگل ہونا تھی۔ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت کروڑوں روپے کے لگ بھگ ہے۔ترجمان کوسٹ گارڈز کی جانب سے منشیات کی روک تھاک سے متعلق دیئے گئے اپنے پیغام میں کہا گیا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔