اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت نے اقلیتوں کو صدر اور وزیراعظم کا الیکشن لڑنے کی اجازت کیلئے سابق وفاقی وزیر جے سالک کی طرف سے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے
خارج کر دی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ پارلیمنٹ جائیں اور وہاں سے آئین میں ترمیم کرائیں ،یہ عدالت ان معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی ،درخواست گزار سابق وفاقی وزیر جے سالک ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے ،درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ صدر اور وزیراعظم پاکستان کو تاحیات مراعات حاصل ہوتی ہیں، مجھے صدر اور وزیراعظم کا الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ مراعات مجھے بھی حاصل ہوں میرے پاس کوئی گھر نہیں ہے آئینی اور قانونی حق دلوایا جائے ،سرکاری گھر فراہم نہیں کیا جاتا تو خیمہ لگانے کی اجازت دی جائے ،عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی ۔