کراچی(این این آئی)رضا کارانہ ریٹائرڈ ہونے والے پی آئی اے ملازمین کو ادائیگی کاسلسلہ شروع کردیاگیا،ابتدائی طور پر100 سے زائدملازمین کو ادائیگیاں کردی گئی ہیں۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے ملازمین کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم سے فائدہ اٹھانے
والوں کو باقاعدہ ادائیگیوں کا سلسلہ شروع کردیاگیاہے۔پی آئی اے کی چیف فائنانشل افسرخلیل اللہ شیخ،جنرل مینیجر اکائونٹنگ زاہد کریم ،جنرل مینیجر فنڈ آصف ضیاء اور جنرل مینیجر انڈسٹریل ریلیشنز شعیب ڈھاری نےہیڈ آفس میں سو سے زائد ریٹائرڈملازمین کوچیک تقسیم کیے۔ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے بتایا تھا کہ رضا کارانہ علیحدگی اسکیم کے لیے 2000 ملازمین نے اپلائی کیا ہے، جن میں سے ایک ہزار ملازمین کو ریلیز کے خطوط بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ترجمان نے بتایاکہ اسکیم سے تمام شعبہ جات کے ملازمین نے استفادہ کیا جن میں اکثریت ایئر پورٹ سروسز، کمرشل اور فلائٹ سروسز کی ہے، یہ ایک پرکشش پیکج تھا ، جس کے تحت باعزت اور پر وقار طریقے سے ملازمین نے علیحدگی اختیار کی۔انھوں نے کہا اسکیم کا مقصد ادارے سے افرادی قوت کو کم کرنا تھا اور ہم 20 فی صد افرادی قوت کم کرنے میں کامیاب ہوئے، اسکیم سے تقریبا ڈھائی ارب روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔ترجمان پی آئی اے نے بتایاکہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعدوزارت خزانہ نے 9ارب 84کروڑروپے وزارت ہوابازی کوجاری کئے ۔ترجمان کے مطابق سی ای ا و پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے رقوم کی ادائیگیوں پر وزارت ہوابازی اور اکائونٹنٹ جنرل آف پاکستان کا شکریہ ادکیا۔