اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان کو پاکستانی ٹرمپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا اخلاقیات یا جمہوریت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں، پی ٹی آئی جب اپوزیشن میں تھی تب بھی پارلیمنٹ میں غنڈہ گردی کرتی تھی، جعلی طریقے سے حکومت میں آنے کے بعد
بھی اپنی غنڈہ گردی پر مبنی رویے پر جاری ہیں، مسلم لیگ (ن) خیراتی جماعت نہیں ہے اور جو کچھ ہوا ہم اسے بھولیں گے نہیں،مریم اورنگزیب پر حملہ ہونے کے بعد 22 کروڑ لوگ پی ٹی آئی کو شیم شیم کہہ رہے ہیں،احسن اقبال پر جوتا پھینکا بدترین بدتمیزی کا مظاہرہ ہے،حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں، سیکیورٹی کے احصار میں آنے والوں کی سیکیورٹی بہت جلد ختم ہوجائے گی، دھونس دھاندلی سے فیصلہ بدلنے کی کوشش سے کچھ نہیں ہو گا،عمران خان کو بچانے کی کوشش میں آپ اپنی اور اپنے ادارے کی عزت پر حرف نہ آنے دیں،آئندہ چند روز میں سینیٹ الیکشن سے متعلق حقائق سامنے آ جائیں گے۔سند ھ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ (ن) لیگ کے بہادروں نے چند درجن غنڈوں کا کامیابی سے مقابلہ کیا،کرائے کے غنڈوں کا کامیابی سے مقابلہ کرنے پر کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں،کارکنوں نے ثابت کیا شیر شیر ہوتا ہے،عوامی نمائندہ عوامی ہوتا ہے اور چور چور ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اپوزیشن میں تھی تو غنڈہ گردی کرتی ہے اب بھی کر رہی ہے،پی ٹی آئی کے غنڈوں نے مریم اورنگزیب پر حملہ کیا،مریم اورنگزیب پر حملے سے قوم کی ہر بیٹی کا سر شرم سے جھک گیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں،حکمرانوں کو ایک نہ
ایک دن بغیر سیکورٹی باہر نکلنا ہی پڑے گا،بائیس کروڑ عوام ہاتھ میں جوتا لئے آپ پر حملے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یاد رکھیں ن لیگ کے ووٹرز اب اور برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی والوں کے پاس دماغ سے خالی سر ہے،ن لیگ کوئی خیراتی جماعت نہیں ہے،یاد رکھنا مسلم لیگ ن آج کے واقعات کو بھولے گی
نہیں۔ انہوں نے کہاکہ یوسف رضاگیلانی کی کامیابی کے دن جیت ہار کا فیصلہ ہو گیا تھا،دھونس دھاندلی سے فیصلہ بدلنے کی کوشش سے کچھ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے گن پوائنٹ پر اپنے اراکین اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیا،وزیراعظم نے بک جانے والے اراکین پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ لیا،اسلام آباد پر بھی ڈسکہ کی طرح
دھند چھائی رہی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو عوام کا فیصلہ تسلیم کرنا پڑے گا،عمران خان الیکشن کمیشن سے سرٹیفائیڈ ووٹ چور ہے،سب سے بڑا چور آج دوسروں کو پارلیمان میں چور چور کہتا رہا،وزیراعظم ملکی تاریخ کے سب سے بڑے چور ہیں،عوام میں شعور پیدا ہونا مثبت تبدیلی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ چند روز میں سینیٹ
الیکشن سے متعلق حقائق سامنے آ جائیں گے۔مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستانی ٹرمپ کا خطاب دیتے ہوئے کہاکہ ملک میں وہی ہوا جو ٹرمپ نے الیکشن ہارنے پر امریکہ میں کیا،وزیراعظم یاد رکھیں انہیں چند روز کی مہلت مزید مل گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان اچھی طرح پیکنگ کریں کوئی چیز وزیراعظم ہاؤس میں رہ
نہ جائے،عمران خان نے آج خود کو قوم پر بے نقاب کیا،عوام حکومت کا محاسبہ خود کرے گی،سیاسی موت واقع ہو چکی تجہیز و تکفین باقی ہے،حکومت میت کی تدفین پی ڈی ایم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کو بنکر بنادیا گیا اور بندوق کی نوک پر 16 ووٹ حاصل کیے، 16 اراکین قومی اسمبلی کے ساتھ ایک ایک بندہ مقرر کردیا
گیا۔نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ بچانے والوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ چاروں صوبوں کے عوام نے حکومت کے خلاف فیصلہ دے دیا اس کو بچانے کی کوشش میں آپ اپنی اور اپنے ادارے کی عزت پر حرف نہ آنے دیں،جو چیز ختم ہوگئی ہے اسے جانے دیں اور عوام کا فیصلہ تسلیم کریں ورنہ مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا جوکہ
ظاہر ہے کہ ہم نہیں چاہتے۔انہوں نے کہاکہ کس طرح ایجنسیاں فعال ہوگئیں اس بارے میں ساری تفصیلات بہت جلد عوام کے سامنے آجائیں گی،مریم نواز نے کہا کہ جب میڈیا پر دباؤ ختم ہوگیا اور دیگر ادارے فعال ہوں گے تو حکومت کی کرپشن کی ساری داستان سامنے آئے گی جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ہوگی۔