ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک) امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاریؒ کے آخری فرزند ممتاز عالم دین اور قائد مجلس احرار اسلام پاکستان مولانا سید عطاء المہیمن شاہ بخاری 77 سال کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کر گئے، نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق کل بروز اتوار 7 فروری دن گیارہ بجے ان کی نماز جنازہ قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم
ملتان میں ادا کی جائے گی، انہوں نے اپنی ساری زندگی عقیدہ ختم نبوتؐ، تحفظ ناموسِ صحابہؓ اور اسلام کی سربلندی کے لئے وقف رکھی۔ سید عطاء المہیمن شاہ بخاری جرأت مندی اور بہادری میں اپنی مثال تھے، سید عطاء المہیمن شاہ بخاری اسلاف کی نشانی سمجھے جاتے تھے اور ان کے دنیا بھر میں لاکھوں چاہنے والے ہیں، سید عطاء المہیمن شاہ بخاری نے اپنی 77 سالہ زندگی اتنی سادگی میں بسر کی کہ آج کے اس ترقی یافتہ دور میں ایسی زندگی گزارنے کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ ابن امیر شریعت سید عطاء المہیمن بخاری طویل علالت کے بعدانتقال فرما گئے ہیں۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے تمام احرار رہنماؤں اور کارکنوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت پیر جی سید عطاء المہیمن بخاری نے پوری زندگی دین متین کی خدمت اور تحفظ ختم نبوت کے محاذ پر کام کیا اور پوری زندگی زہد اور تقویٰ میں گزاری انہوں نے کہا کہ حضرت پیر جی امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری کے آخری فرزند تھے۔ حضرت کا دنیا سے چلا جانا امت مسلمہ کے لیے سانحہ عظیم ہے۔ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کاخلا کبھی پر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر سے احرار کارکن اورحضرت کے متعلقین اور متوسلین قافلوں کی شکل میں پہنچ گئے ہیں۔ ان کے چاہنے والے ان کے انتقال کی خبر سن کر ملتان پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔