اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے کراچی میں ایسے پیٹرول پمپس کے خلاف سخت اقدامات شروع کر دیے ہیں جو صارفین کو مکمل مقدار میں ایندھن فراہم نہیں کرتے۔بدھ کے روز سندھ حکومت کی ہدایت پر شہر بھر میں پیٹرول پمپس پر اچانک کریک ڈاؤن کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد عوام کو اس دھوکے سے بچانا ہے کہ انہیں ادائیگی پوری جبکہ ایندھن کم دیا جاتا ہے۔اطلاعات کے مطابق پرائسنگ اینڈ ڈسٹری بیوشن ڈپارٹمنٹ نے اپنے ڈائریکٹر جنرل اور کنٹرولر کو ہدایت کی ہے کہ وہ مختلف پیٹرول اسٹیشنز پر بغیر اطلاع کے معائنہ کریں۔
ٹیمیں خفیہ طور پر پٹرول اور ڈیزل کی مقدار چیک کریں گی تاکہ یقین ہو سکے کہ صارفین کو درست مقدار فراہم کی جا رہی ہے۔محکمے کے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا کہ تمام انسپکشنز میں ایندھن ناپنے کے خصوصی آلات استعمال کیے جائیں گے۔ جن اسٹیشنز پر کم مقدار دینے کا عمل ثابت ہو جائے گا، انہیں فوری طور پر جرمانہ کیا جائے گا جبکہ ایسے فیول اسٹیشنز کو موقع پر ہی سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔















































