باغ (این این آئی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ اہلیان باغ نے ریاست کی سیاست کو زندہ کر دیا ہے، ہم دن رات عوامی خدمت کے مشن کو لے کر چل رہے ہیں، ہم چہرہ نہیں نظام بدلنے آئے ہیں، ایکشن کمیٹی سے معاہدے پر مکمل عملدرآمد کے لیے آخری حد تک جائیں گے، وزیراعظم پاکستان سے ملاقات میں بھی عوامی مطالبات پیش کیے، بلاول بھٹو کشمیریوں کی مضبوط آواز ہیں، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی وجہ سے پاکستان کا وقار دنیا میں بلند ہوا ہے، پاکستان سے ہمارا رشتہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہے، شکوے شکایتیں ہمیشہ اپنوں سے ہوتے ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ ہمارے گلے دور کیے، ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔سرکاری ملازمتوں میں عمر کی حد ایک سال بڑھا کر 41 سال کرنے کا اعلان کرتا ہوں، باغ کو بگ سٹی کا درجہ، باغ ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دینے کے ساتھ باغ میں بوائز یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے کا اعلان کرتاہوں۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور پائلٹ ہائی سکول باغ کے گراؤنڈ میں عظیم الشان جلسے سے خطاب میں کیا۔جلسہ گاہ میں سابق صدر و وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس، موسٹ سینئر وزیرمیاں وحید، وزراء حکومت ضیا القمر، ملک ظفر، محترمہ نبیلہ ایوب، ممبر اسمبلی پروفیسر تقدیس گیلانی مشیر حکومت احمد صغیر،سابق وزیر سردار قمر الزمان خان سمیت پی ایس ایف، پی وائی او کے کارکنان، بلدیاتی نمائنگان، سیاسی و سماجی رہنماء ، سول سوسائٹی اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے عظیم الشان جلسے سے خطاب میں کہا کہ بلاول بھٹو کا نعرہ ‘ ہمارا نعرہ سب پہ بھاری رائے شماری شماری ‘ کشمیری قوم کی آواز ہے، اب حالات بدل چکے ہیں،اب تبدیلی محسوس ہو رہی ہے، موجودہ حالات میں پیپلز پارٹی نے مشکل حالات میں ذمہ داری لی، واضح کر رہے ہیں کہ موجودہ حکومت کے پیچھے عوامی طاقت ہے۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے نقصان بھی اٹھانا پڑے تو اس کو اپنے لئے عزت سمجھیں گے، عام آدمی اک درد ہے مجھے عام آدمی کے لیے جیل بھی جانا پڑے تو فخر ہوگا۔ کارکنان کا جذبہ دیدنی ہے کہ آنے والا وقت پیپلز پارٹی کا ہوگا، موجودہ حکومت حقیقی طور پر ورکرز اور عوام کی حکومت ہے، بلدیاتی نظام مضبوط کیا جائے گا، ہر وہ کام ہوگا جس کی ریاست کو ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب سول سیکرٹریٹ اور دفاتر میں چہل پہل ہے، ہم نے حکومت میں آتے ہی چھوٹے ملازمین کو مستقل کیا ہے اور ان کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے، ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی، کابینہ نے اے جے کے بینک کو شیڈول بینک بنانے کی منظوری دی، ہیلتھ کارڈ کا اجراء کر دیا اور ورثے میں ملنے والے مسائل بھی حل کیے جائیں گے۔ عوام اور سیاستدانوں کی دوری ختم ہو چکی، اب ریاست میں ہر شہری کو سستی بجلی اور آٹا میسر ہے، چیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ہدایت کی کہ عوامی معاملات کے حل میں ایک لمحہ تاخیر نہ ہو۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے سرکاری ملازمتوں میں عمر کی حد ایک سال بڑھا کر 41 سال کرنے کا اعلان کیا، جلسے کے میزبان سردار قمرالزمان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بنیان المرصوص کے بعد پاکستان کا دنیا میں ڈنکا بج رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار ضیاء القمر کے تمام اعلانات پر عمل ہوگا، ٹائیں سے رائی تک سڑک تعمیر کی جائے گی، باغ کو بگ سٹی کا درجہ، باغ ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دیا جائے گا اور باغ میں بوائز یونیورسٹی کیمپس قائم ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کا تاریخی اجتماع ثابت کرتا ہے کہ عوام کا اعتماد پیپلز پارٹی پر ہے، ہمیں کم وقت ملا مگر والد کے نقش قدم پر چل رہے ہیں، اور وزیراعظم آفس سمیت وزراء کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں، انہوں نے کہا کہ جن مسائل کا اختیار ان کی قلم میں تھا ان پر ایک لمحہ تاخیر نہیں کی۔















































