اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی وزرا، مشیروں اور معاونین کیلئے1800سی سی کی 23 نئی گاڑیوں کی خریداری پر صوبہ کے خزانہ سے 4 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کئے، 2014میں 1800سی سی نئی گاڑیوں کی
خریداری پر صوبہ کے خزانہ سے4کروڑ 71 لاکھ سے زائد خرچ ہوئے۔روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق صوبائی محکمہ انتظامیہ کی جانب سے خیبر پختونخوا اسمبلی میں جمع کردہ تحریری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے سال2014میں صوبائی کابینہ کے23ارکان کیلئے1800سی سی نئی گاڑیاں خریدیں جن میں ہر گاڑی کی قیمت20لاکھ48ہزار روپے ہے جبکہ تمام گاڑیوں کی کل مالیت4کروڑ71لاکھ4ہزار روپے بنتی ہے، رپورٹ کے مطابق جن وزیروں، مشیروں اور معاونین کیلئے گاڑیاں خریدی گئیں ان میں اس وقت کے صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ،وزیر زکوٰة وزیر خوراک، وزیر خزانہ، وزیر قانون، وزیر ایکسائز، وزیر مال، وزیر محنت، وزیرسوشل ویلفیئر ،وزیر داخلہ،وزیرآبپاشی،مشیر بہبود آبادی، مشیر بین الصوبائی رابطہ،مشیر جیل خانہ جات کے علاوہ معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ، ہائوسنگ ،لائیو سٹاک، ماحولیات اور معاون خصوصی برائے قانون شامل ہیں۔