اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دو ایل این جی پاور پلانٹس کی نجکاری میں آئندہ مالی سال تک تاخیر کا امکان جبکہ ایس ایم ای بینک، جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد اور سروسز ہوٹل لاہور رواں برس فروخت ہوسکتا ہے۔روزنامہ جنگ میں مہتاب حیدر کی شائع خبرکے مطابق
، تین طرح کی ٹرانزیکشنز کے امکان کے ساتھ جس میں 30 جون، 2021تک ایس ایم ای بینک کی فروخت بھی شامل ہے۔ اس میں اہم ٹرانزیکشن دو ایل این جی پاور پلانٹس کی فروخت اور نجکاری میں آئندہ مالی سال 2021-22 تک تاخیر کا امکان ہے۔ ایس ایم ای بینک کی فروخت کے حوالے سے آئندہ چند ماہ میں بولیوں کو حتمی شکل دیدی جائیگی۔ جبکہ جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد اور سروسز ہوٹل لاہور کی فروخت کا بھی رواں مالی سال میں امکان ہے۔ تاہم، یہ تینوں ٹرانزیکشنز اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتیں جب تک متعلقہ وزارت یا محکمہ اس کی حامی نا بھرے۔ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے گزشتہ ہفتے منعقدہ اپنے اجلاس میں دو پاور پلانٹس کی فروخت کا فیصلہ موخر کردیا تھا۔ ان پاور پلانٹس کے نام حویلی بہادر شاہ اور بلوکی پاور پلانٹس ہیں۔ ان کی فروخت کے حوالے سے انکم ٹیکس استثنیٰ سمیت دیگر امور دوبارہ سامنے آئے ہیں جس کے حل کے بعد ہی پیش رفت ممکن ہے۔ ان کی فروخت سے 2 ارب ڈالرز ملنے کا امکان ہے۔ ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ تمام امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے نجکاری کمیشن نے حکومت کو بتایا ہے کہ ٹرانزیکشن کی یہ تاخیر آئندہ مالی سال کی ابتدائی ششماہی تک ہوسکتی ہے۔