لاہور (این این آئی)نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے ترجمان نے کہا ہے کہ 500 کے وی گرڈ سٹیشن این ٹی ڈی سی روات میں 132کے وی بس بار کی سالانہ مرمت اور مینٹیننس کے کام کے باعث 18 اور 19 جنوری 2021کو روزانہ کی بنیاد پر صبح 09 بجے سے شام 05 بجے تک اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی
(آئیسکو) کے 132کے وی گرڈ سٹیشن اور 66کے وی گرڈ سٹیشنز پر لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔ ترجمان این ٹی ڈی سی نے بتایا کہ جن گرڈ سٹیشنز پر لوڈ شیڈنگ کی جائے گی ان میں چکوال، چکری، اڈیالہ، گوجر خان، جاتلی، بادشاہان، پننوال، ڈنڈوت، تلہ گنگ، چوآسیدن شاہ، نورپور سیٹھی، بگھوال، جنڈ، لکڑمار، ٹمن اوردندہ شاہ بلاول شامل ہیں۔ (دینہ 132 کے وی گرڈ سٹیشن اور اس سے منسلک فیڈرز مکمل بند رہیں گے)۔ترجمان نے صارفین سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 132 کے وی بس بار کی سالانہ مینٹیننس سے 500 کے وی گرڈ سٹیشن روات میں بس بار کی کارکردگی میں اضافہ ہو گا جس سے بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں بہتری آئے گی۔دوسری جانب بجلی کے بلوں میں جنرل سیلز ٹیکس کی وصولی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔شیخ برادرز فلور ملز کی جانب سے جان محمد چودھری اور وسیم جان ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور ایف بی آر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایف بی آر نے جولائی 2019 سے فلور ملز کو جنرل سیلز ٹیکس سے استثنیٰ دے رکھا ہے، لیسکو نے درخواست گزار کے دسمبر2020 کے بجلی کے بل میں 5 لاکھ 61 ہزار روپے کا غیر قانونی جی ایس ٹی عائد کیا، لیسکو کا بجلی کے بلوں میں
جنرل سیلز ٹیکس کی وصولی سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک بجلی کے بلوں میں جی ایس ٹی کی وصولی فوری طور پر روکی جائے اورلیسکو کا بجلی کے بلوں میں وصولی کا اقدام غیر قانونی قرار دیکر کالعدم کیا جائے۔