اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک / این این آئی)پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 4روزہ دورے پر امریکا روانہ ہوں گے ۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری 18جنوری کو امریکا روانہ ہونگے جہاں پر وہ 19تاریخ کو امریکی سینیٹرز سے ملاقات کریں گے ۔
نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری امریکی صدر کی دعوت پر امریکا کا دورہ کر رہے ہیں جس کے دعوت نامہ انہیں موصول ہو چکا ہے ۔ جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری 20 جنوری کو ہوگی۔دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری کی بیرونِ ملک روانگی کا پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے آصف زرداری کی اپنی بیٹی بختاور کی شادی کی تقریبات کے بعد روانگی کا امکان ہے۔ سابق صدر 30 جنوری کے بعد علاج کی غرض سے بیرونِ ملک جائیں گے، جس کے لیئے قانونی مشاورت بھی شروع کردی گئی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے آصف زرداری کو علاج کی غرض سے باہر بھیجنے کے لیئے کمیٹی بنادی گئی ہے۔ کمیٹی آصف زرداری کے ٹیسٹ رپورٹس کا جائزہ لے گی۔